گوکرن 19 ؍جولائی (ایس اؤ نیوز ) گوکرن کے قریب بیلسے نیشنل ہائی وے کا کام ادھورا اور غیر معیاری ہونے کی وجہ سے عوام ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی پر سخت ناراض ہیں اور عوام متعلقہ مقام سے اپنی سواریوں کو گزارنےمیں خطرہ محسوس کررہے ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں شاہراہ تعمیر کی گئی ہے لیکن سواریوں کو شاہراہ پر سے گزارنے کے بجائے پرانی سڑک کو ہی بحال رکھا گیا ہے۔ دونوں جانب سے سواریاں گزرتی رہتی ہیں جب کہ راستہ بہت تنگ ہے۔ فی الحال ضلع ڈی سی نے کاروار سے بھٹکل تک آئی آر بی کمپنی کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ ومعائنہ کیا ہے اس دوران ڈی سی نے یہاں کا بھی دورہ کرتے ہوئے جانکاری حاصل کی ہے۔ جہاں جہاں مسئلہ ہے وہاں کے ذمہ داروں نے اس کی وضاحت کی ہے۔ اب تک فورلین شاہراہ کی تعمیر مکمل ہوجانی چاہئے تھی ۔ لیکن کئی جگہوں پر کام ادھورے ہیں، جہاں کام مکمل ہوئے ہیں، وہاں کام غیر معیاری ہونے کا عوام الزام لگارہے ہیں۔ البتہ سواریوں سے ٹول فیس برابر وصول کی جارہی ہے۔ چونکہ آئی آر بی کمپنی پر شاہراہ تعمیر مکمل کرنے کے لئے کوئی دباؤ نہیں ہے تو اپنی سہولت کے مطابق کمپنی کاموں کو انجام دے رہی ہے اور اسی لئے کمپنی کا تعمیری کام غفلت کی نذر ہورہاہے۔ ٹھیکیدار کمپنی بھی سیاسی لیڈران کی پکڑ میں ہونے کی وجہ سے تعمیراتی کام مکمل کئے بنا ہی ٹول فیس کے ذریعے لوٹ مار کرنے میں لگے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ضلع میں کسی بھی تعلقہ میں شاہراہ کاکام مکمل نہیں ہواہے۔ اب جب کہ ڈی سی نے خود معائنہ کیا ہے تو عوام منتظر ہیں کہ کیا فیصلہ ہوتاہے اور سرکار ادھورے کاموں کو لے کر کس طرح کی اقدامات اُٹھاتی ہے۔